جے آئی ٹی نے ثابت کردیا کہ ملک پر چور اور کرپٹ لوگ حکمرانی کررہے ہیں،راشد نسیم

Advertisement
دوستوں کے ساتھ شیئر کریں

سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔23جولائی 2017ء )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا کہ وزیر اعظم فوری طور پر مستعفی ہوجائے کیونکہ جے آئی ٹی رپورٹ نے ثابت کردیا ہے کہ ملک پر چور اور کرپٹ لوگ حکمرانی کررہے ہیں۔ ملک پر مزید کرپٹ لوگوں کی حکمرانی نہیں چلنے دیں گے،ملک کو ترقی دینے کے لئے دیانتدار قیادت کی ناگزیر ہوچکی ہے ۔آنے والا دور جماعت اسلامی کا ہے،نوجوان ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دے ،اللہ کی حاکمیت اور اسلامی انقلاب کے علمبردار آگے بڑھ کر ملک کو کرپٹ مافیا سے آزاد کرائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سوات کے زیر اہتمام المرکز الاسلامی سنگوٹہ میں اجتماع کارکنان سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اجتماع سے نائب امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا ڈاکٹر اقبال خلیل ،امیر جماعت اسلامی ضلع سوات محمد امین سمیت دیگر صوبائی و ضلعی قائدین نے بھی خطاب کیا ۔راشدنسیم نے کہا کہ 70سالوں سے ملک پر کرپٹ اور نااہل لوگ حکمرانی کررہے ہیں، نااہل حکمرانوں نے ملک کو ترقی دینے کی بجائے پانامہ میں ذاتی محلات اور اکاؤنٹس بنائے لیکن اب عوام کرپشن زدہ حکمرانوں کو پہچان چکے ہیں جنہیں اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریگی لہذا کارکنان آنے والے الیکشن کے لئے ابھی سے کمر کس لیں۔

تبصرہ کریں

دوستوں کے ساتھ شیئر کریں
Main menu