خوازہ خیلہ میں غیر اعلانیہ اور ناروا لوڈ شیڈنگ کے خلاف تاجر برادری کا احتجاج
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، 11 آگست 2018ء) سوات کی تحصیل خوازہ خیلہ میں تاجربرادری نے غیر اعلانیہ اور ناروا لوڈ شیڈنگ کے خلاف شٹر ڈاؤن احتجاج کیا ۔ تاجروں نے بشام چوک کے مقام پر سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کرکے احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔ واپڈا کے خلاف احتجاج نے جب طول پکڑا تو ایکسین واپڈا، اسسٹنٹ کمشنرخوازہ خیلہ ، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او نے موقع پر پہنچ کر تاجر برادری کے کابینہ سے مذاکرات شروع کردی ، ان کے مطالبات کو تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی اور علاقہ مشران و مظاہرین کے سامنے ڈی ایس پی بادشاہ حضرت کے روبرو گریڈ انچارج کے غیر ذمہ دارانہ رویہ پر معذرت کی اور ان کے خلاف تادیبی کاروائی کی یقین دہانی کرائی ۔ ایکسسین واپڈا نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ 30اگست تک تمام ورک پرمٹ کو منسوخ کرکے شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ کیا جائے گا۔ جس کے بعد مظاہرین ایکسسین کی یقین دہانی پر مطمئن ہوکر پرامن طور پر منتشر ہوگئے ، جبکہ مظاہرین واپڈا کے افسران کو تنبہہ دی کہ اگر ہمارے ساتھ کئے گئے مطالبات پر عمل در آمد نہیں کیا گیا تو سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائینگے جس کی تمام تر ذمہ داری واپڈا کے حکام پر ہوگی۔