دریائے سوات کنارے بجری اور ریت نکالنے پر مشینری ضبط، ایف آئی آر درج
سوات(زما سوات ڈاٹ کام ) ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کی ہدایت پر تحصیل انتظامیہ کے آفیسرز نے دریائے سوات کے کنارے غیر قانونی کھدائی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ایکسکیویٹرز، چار منی ٹرکوں اور چار ٹریکٹرز کی موقع پر ضبطی اور ایف آئی آر درج کرنے کے لئے مقامی تھانے کے حوالے کردیے گئے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر مٹہ عبدالطیف نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے اور ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ گرفتار کئے گئے افراد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے بجری اور ریت نکالنے میں مصروف تھے اور جس کے لئے بھاری مشینری کا استعمال کیا جارہا تھا۔ یاد رہے کہ دریائے سوات کے اطراف ہر قسم کی ترقیاتی سرگرمیوں، کھدائی، بجری اور ریت نکالنے پر دفعہ 144 کے تحت ضلعی انتظامیہ نے پابندی لگائی ہوئی ہے اور دریا کے اطراف ہر قسم کی غیر قانونی کھدائی کرنے، بجری اور ریت نکالنے والوں کی دن رات نگرانی جاری ہے۔