آج کی خبریںسوات کی خبریں

ساتھیوں ہمت پکڑیں، کل کا انتظار نا کریں، آج سے الیکشن کی تیاری کریں، بلاول بھٹو زرداری

سوات (زما سوات ڈاٹ کام ) سیاسی دہشت گردی کو روکنا ہوگا، سختی سے جواب نہ دیا تو9مئی جیسے واقعات ہوتے رہیں گے،کسی دہشت گرد کے سامنے نہیں جھیکیں گے، ساتھیوں سے کہتاہوں ہمت پکڑیں کل کا انتظار نہ کریں بلکہ آج سے الیکشن کی تیاری شروع کریں، سوات کے عوام نے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ امن کی خاطربڑی قربانیاں دی ہیں پاکستان پیپلز پارٹی اس امن کو قائم رکھنے کیلئے سوات کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، کسی امن دشمن کو اپنے مذموم عزائم پورے کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سوات کے علاقے خوازہ خیلہ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک میں امن قائم کرنا ہے جس کیلئے دہشت گردوں کو پیغام دیتا ہوں کہ وہ دہشت گردی چھوڑ کر امن کی راہ پرچلیں، ہم امن کیلئے کسی دہشت گردکے سامنے جھکنے کیلئے تیار نہیں بلکہ بھرپور مقابلہ کریں گے،پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ 4 سال وفاق میں سلیکٹیڈ کو حکومت ملی لیکن انہوں نے عوام کو بری طرح مایوس کیا بلکہ جاتے جاتے افغانستان جاکر پناہ لینے والے دہشت گردوں کو اکھٹا کرکے ملک کے امن کو داو پر لگایا، سوات میں ماضی میں بھی دہشت گردوکا مقابلہ کرتے ہوئے بی بی شہید نے کہا تھا کہ ہم سوات میں پاکستان کا جھنڈا لہرائیں گے حالانکہ اس وقت تمام دیگر سیاسی جماعتیں خاموش تھیں، ہم نے حکومت سنبھالتے ہی فیصلہ کیا تھا کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہے ان سے لڑیں گے اور سوات میں امن قائم کریں گے، بدقسمتی سے پچھلی حکومت نے افغانستان بھاگ کر وہاں پنا ہ لینے والے دہشت گردوں کو ایک بار پھر سوات لا کر یہاں بد امنی پید اکرنے کی کوشش کی لیکن سلام ہے سوات کے عوام کو جو ان دہشت گردوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوگئے اور انہیں بھاگنے پر مجبور کردیا، یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان پیپلز پارٹی امن قائم کرنے کی اس جدوجہد میں سوات کے عوام کے ساتھ ہے اور کبھی بھی انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، ملک میں امن کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں تجارت ہوگی جس سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی اور معیشت بہتر ہونے سے خیبر پختونخوا کا کوئی بھی مقابلہ نہیں کرسکے گا، 9 مئی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہداء کی یادگاروں اور قومی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو معاف نہیں کریں گے بلکہ انہیں عبرتناک سزا دیں گے، ان کے لیڈر نے ایک رات جیل میں گزارنے پر ملک کی سالمیت کو داو پر لگایا، ماضی میں بی بی کی شہادت پر ہم بھی انتقام کا نعرہ لگاتے تو پور ا ملک جل جاتا لیکن اس وقت بھی ہم نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت بہتری انتقام ہے جس پر ابھی تک قائم ہیں، حالیہ بجٹ کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بجٹ میں پاکستان میں پیپلز پارٹی کی کم تجاویز شامل کی گئیں ہیں وفاقی حکومت  نے بجٹ میں سیلاب متاثرین کیلئے کم بجٹ رکھا جس پر وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں تحفظات سے آگاہ کردیا ہے،ہمیں وزیر اعظم کی نیت پر شک نہیں تاہم وزیر اعظم کے ٹیم کے کچھ لوگ وعدے پورے کرنے میں رکاؤٹ پیدا کررہے ہیں،انہوں نے اپنی کاکردگی کا ہنس کر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان صلاحیتوں سے مالامال ہیں 14 ماہ میں نوجوان وزیر خارجہ نے وہ کردکھایا جو بزرگ برسوں میں نہیں کرسکے، عوام ساتھ دیں تو پیپلز پارٹی ہر مسئلے کا حل نکال سکتول ہے،خوازہ خیلہ گراؤنڈ کے جلسہ گاہ پہنچنے پر پارٹی کے جیالوں نے وزیر اعظم بلاول بھٹوکے نعرے لگا کر ان کا استقبال کیا جبکہ تقریر کے دوران بھی وزیر اعظم بلاول بھٹو کے نعرے لگتے رہے، بلاول سے پہلے پی ٹی آئی سے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے ڈاکٹر حیدر علی اور سید محمد علی شاہ نے بھی خطاب کیا اور پارٹی قائد کو سوات آنے اور کامیاب جلسہ پر مبارکباد دی۔

Related Articles

Loading...
Back to top button