سندھ حکومت نے آئی جی پولیس کیلیے تین افسران کے نام وفاق کو بھیج دیے
کراچی(ویب ڈیسک)سندھ میں نئے آئی جی پولیس کی تقرری کے لیے صوبائی حکومت نے وفاق کو خط ارسال کردیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کو خط چیف سیکریٹری کے ذریعےارسال کیا گیا جس میں سندھ حکومت نے صوبے کے نئے پولیس سربراہ کے لیے تین پولیس افسران کے نام وفاق کو ارسال کیے ہیں۔ صوبائی حکومت نے غلام قادر تھیبو، مشتاق مہر اورکامران فضل کےنام وفاق کو آئی جی سندھ پولیس کے لیے تجویز کیے ہیں۔
سندھ حکومت کی جانب سے آئی جی سندھ کے تقرر کےحوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط رات گئے لکھا گیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ کابینہ نے آئی جی سندھ پولیس کلیم امام کو عہدے سے ہٹاکر ان کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دی جس پر پی ٹی آئی سندھ کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے عدالت جانے کا اعلان کیا۔ تاہم بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ آئی جی سندھ کے معاملے پر صوبائی حکومت کے ساتھ مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا۔