سوات کے نوجوان ڈاکٹر گلاب خان مسلسل عوامی خدمت میں آگے آگے، سیدو شریف ہسپتال میں داخل مریضوں کے لیے مفت Meropenem انجکشنز کی فراہمی کا اعلان کردیا۔

سوات (نمائندہ خصوصی): سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال میں زیر علاج غریب مریضوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ صدر سوات ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر گلاب خان نے اعلان کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے بند شدہ Meropenem انجکشنز اب کل سے مفت فراہم کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق یہ انجکشن، جو مختلف انفیکشنز کے علاج میں استعمال ہوتا ہے، حالیہ دنوں میں سرکاری اسٹاک میں ختم ہو چکا ہے۔ انجکشن کی فی قیمت تقریباً 1600 روپے ہے، جس کے باعث غریب مریض شدید مشکلات سے دوچار تھے۔ ایسے میں ڈاکٹر گلاب خان نے انسانی ہمدردی کے تحت مریضوں کو مفت انجکشنز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈاکٹر گلاب خان نے کہا کہ “ہماری کوشش ہے کہ کوئی مریض صرف مالی مجبوری کی وجہ سے علاج سے محروم نہ ہو۔ اس اقدام کا مقصد سیدو ہسپتال میں داخل ایسے تمام مستحق مریضوں کو ریلیف دینا ہے جو Meropenem انجکشن خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔”
ڈاکٹر گلاب خان اپنی فلاحی سرگرمیوں اور صحت کے شعبے میں خدمات کے باعث سوات میں عوامی سطح پر نہایت احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ ان کے اس اقدام کو عوامی حلقوں اور مریضوں کے لواحقین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
سوات ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے انجکشنز کی مفت فراہمی کا عمل کل (جمعہ) سے شروع کر دیا جائے گا۔