عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کے حوالے سے دوا تجویز کردی
جنیوا(نیوزڈیسک) عالمی ادارہ صحت کے ترجمان کرسچیان لینڈمیئر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوام الناس کو مشورہ دیا ہے جو لوگ ناول کورونا وائرس (کووِڈ19) سے متاثر ہیں انہیں چاہیے کہ درد کی صورت میں آئبوپروفن کی جگہ پیراسیٹامول استعمال کریں۔ان کا کہنا تھا کہ آئبوپروفن ممکنہ طور پر ناول کورونا وائرس کے مضر اثرات کو شدید تر کرسکتی ہے۔ واضح رہے کہ آئبوپروفن پاکستان میں ’’بروفن‘‘ اور ’’ایرینیک‘‘ کے ناموں سے عام دستیاب ہے۔عالمی ادارہ صحت کی جانب سے یہ مشورہ معتبر طبی تحقیقی جریدے ’’دی لینسٹ ریسپائریٹری میڈیسن‘‘ کے شمارے میں آن لائن شائع ہونے والی ایک تحقیقی رپورٹ کی بنیاد پر دیا جارہا ہے۔
یہ تحقیق چین میں کورونا وائرس سے شدید طور پر متاثر، سیکڑوں مریضوں کے مطالعے پر مبنی ہے جو پہلے ہی ذیابیطس یا دل و دماغ کی کسی بیماری میں مبتلا تھے اور درد کے علاج کےلیے دیگر مختلف دوائیں استعمال کررہے تھے۔ان مریضوں کے تجزیئے پر یہ امکان سامنے آیا ہے کہ آئبوپروفن اور اسی جماعت کی دوسری درد کُش دوائیں ایک ایسے خامرے (اینزائم) کی پیداوار میں اضافے کا باعث بنتی ہیں جو کورونا وائرس کی اثر پذیری کو بڑھاوا دے کر اس کے اثرات شدید تر کردیتا ہے۔
اگرچہ یہ امکان ابھی صرف مفروضے کی صورت میں ہے لیکن اس بارے میں مناسب شہادتیں مدنظر رکھتے ہوئے عالمی ادارہ صحت نے عام لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ کورونا وائرس کی وجہ سے بیمار ہیں اور ساتھ ہی ساتھ انہیں جسمانی درد کی شکایت بھی ہے تو بہتر ہے کہ وہ صرف پیراسیٹامول پر گزارا کریں اور اپنے ڈاکٹر کے مشورے پر ہی آئبوپروفن استعمال کریں۔