عالمی کانفرنس میں اعلان کیا جائے کہ پختون دہشت گرد نہیں،محمود اچکزئی
سوات ( زما سوات ڈاٹ کام:17دسمبر2017ء)پختونخوا ملی عوامی پارٹی پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئ نے کہا ہے کہ ہم کسی سے خیرات نہیں بلکہ اپنے وسائل پر اختیار چاہتے ہیں قبائلی عوام کی مشاورت کے بغیر فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام کسی صورت تسلیم نہیں کرینگے ، عالمی کانفرنس میں اعلان کیا جائے کہ پختون دہشت گرد نہیں ، لیڈر ایجاد نہیں ہوتے عوام سے ہی بنتے ہیں۔ وہ گذشتہ روز خوازہ خیلہ کے علاقہ ٹیکدارئ میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے، جلسہ سے پختونخوا میپ صوبہ بلوچستان کے صدر سنیٹر عثمان خان کاکڑ ، خیبر پختونخوا کے صدرمختار خان یوسفزئ ، خورشید کاکا جی ، ڈاکٹرخالد محمود اور دیگر نے بھی خطاب کیا اس موقع پر ڈاکٹر عبد البصیر ، نامدار ایڈوکیٹ ، سجاد خان اور دیگر نے ساتھیوں سمیت مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پختونخوا ملی عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئ کا کہنا تھا جب عوام نے ظالم کیخلاف مظلوم کا ساتھ دینا شروع کر دیا تو عوام کے مسائل حل ہونگے اور امن کا قیام بھی ممکن ہو سکے گا مظلوم کا ساتھ نہ دینے والا پختونخوا ملی عوامی پارٹی میں شامل نہیں ہو سکتے ، پختونوں کے علاقوں میں اللہ تعالیٰ نے ہر قسم نعمتیں پیدا کی ہیں لیکن اس پر غیروں کا اختیار ہونے کیوجہ سے پختونوں کے بچے ملک کے دور دراز علاقوں اور بیرونی ممالک میں سخت محنت ومشقت پر مجبور ہیں انہوں نے کہا کہ مفادپرست نا انصافی کیساتھ ملک کو چلا رہے ہیں حالانکہ نا انصافی سے ایک گھر میں بھی امن قائم نہیں ہو سکتا ۔ ملک میں فرمائشی احتساب کے بجائے سب کا احتساب شروع کیا جائے ہم ساتھ دینگے ۔