آج کی خبریںسوات کی خبریں

عمران خان پر قاتلانہ حملہ، سوات میں احتجاجی مظاہرے

سوات  (زما سوات ڈاٹ کام ) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف ملک کے دیگر حصوں کی طرح سوات میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ تحصیل کبل، مٹہ سمیت مینگورہ کے نشاط چوک میں تحریک انصاف کی جانب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مقامی لیڈرشپ سمیت ایم پی ایز،ایم این ایز اور سٹی مئیر نے شرکت کی۔

احتجاجی مظاہرے کے موقع پر مظاہرین نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی اور موجودہ وفاقی حکومت بشمول اداروں کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سٹی مئیر شاہد علی خان نے کہا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ہم امن کے پیرو کار ہیں اور ہم امن چاہتے ہیں، عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے جس کو کراس کردیا گیا ہے ۔

” اب ہم رکھنے والے نہیں، ہم حقیقی آزادی تک احتجاج کرتے رہیں گے اور اپنے قائدین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے”

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ایمپورٹڈ حکومت نے اداروں کے ایماء پر عمران خان کو نشانہ بنایا ہے،عمران خان کی حفاظت اور پاکستان کے استحکام کے لئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

ایم این اے سلیم الرحمن نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم عمران خان پر قاتلانہ حملے کا بدلا رانا ثناء اللہ سے لیں گے، ہم ان کے گھر بار اجاڑ دیں گے، ہم ڈرنے والے نہیں ہے اور نا ہی اس قسم کے حربوں سے ہمیں ڈرایا جا سکتا ہے ۔

سلیم الرحمن نے مزید کہ عمران خان کے سپاہی اُن پر جان قربان کرنے کے لئے تیار ہیں، ہم سوات موٹر وے بند کریں گے اور ملک بھر کا پہیہ جام کر دیں گے۔

ایم پی اے عزیز اللہ گران  و دیگر مظاہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہی ہے، ڈالروں پر بکنے والوں کو ہماری جدو جہد کھٹھک رہی ہے، وہ نہیں چاہتے پاکستان کے عوام خوشحال زندگی گزار سکیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سنگ حقیقی آزادی کی جنگ ہم ہی جیتیں گے،ہم کسی بھی طاقت سے ڈرنے والے نہیں اور اب کسی بھی سازش کے ذریعے ہمارے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے۔

اس سے قبل جمعہ کی شب بھی مینگورہ نشاط چوک میں تحریک انصاف کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا جس میں ٹائیرز جلا کر سڑکیں کئی گھنٹوں تک بند کردی گئی تھی۔

Related Articles

Loading...
Back to top button