آج کی خبریںسوات کی خبریں

قومی جذبات کو بھڑکا کر اپنا ذاتی مفاد حاصل کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دے سکتے، فضل حکیم خان

سوات (زما سوات ڈاٹ کام) :  چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان کا کہنا ہے کہ سوات میں دائمی امن اولین ترجیح ہے، امن کے لئے سیاست سے بالاتر ہوکر ہر سیاسی جماعت اور معاشرے کے ہر باشعور طبقہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، مگر اس صورتحال میں کسی کو بھی قومی جذبات کو بھڑکا کر اپنے ذاتی مفاد حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، سوات میں قیام امن کے لئے مشکل حالات سے ہو کر گزرے ہیں اگر کچھ مفاد پرست عناصر موجودہ صورتحال کا استحصال کر کے دیگر مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں تو یہ سوات کے عوام کو کسی صورت قبول نہیں، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سیاسی بصیرت کی وجہ سے ان علاقوں میں امن کا قیام ہوا جہاں کے لوگ پچھلی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عالمی جنگوں کا ایندھن بنے، یہ ہمارے دورے حکومت کا وطیرہ ہے کہ سوات اور دیگر ضم اضلاع میں امن کے اقدامات کو فروغ دیکر حالات قابو کئے گئے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی قیادت میں نہ صرف سوات بلکہ بشمول ضم اضلاع پورا صوبہ امن و ترقی کے نئے دور میں داخل ہوا، اب جب امن و امان کی صورتحال میں تبدیلی رونما ہونے لگی ہے تو حکمران جماعت اس سے ہر گز غافل نہیں، ہمیں اس بات کا بھی ادراک ہے کہ کچھ مفاد پرست ٹولے اس صورتحال سے کیسے فائدہ اٹھانے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں، سوات کے عوام کی نمائندگی پاکستان تحریک انصاف کے پاس ہے اور عوام یہ اعتماد رکھیں کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں سوات اور صوبہ خیبرپختونخوا کے عوام کے حقوق کا دفاع ہر فورم پر کیا جائے گا اور امن بقائے باہمی کے تحت ہر قسم کے اقدامات کئے جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اس صورتحال میں عوامی رابطوں میں تیزی لانے جارہی ہے اور جلسوں کا انعقاد کرے گی، اس سلسلے میں اہم جلسہ آج بروز جمعہ بریکوٹ میں کررہے ہیں جس میں عوام بھرپور شرکت کرتے ہوئے پارٹی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرے گی۔ بریکوٹ جلسے میں ضلعی اور صوبائی قیادت شریک ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امانکوٹ میں منعقدہ کارنر میٹنگ میں شریک شرکاء سے خطاب میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں کی مضبوطی پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے اور اداروں کو اپنے فیصلوں میں بااختیار کیا گیا ہے۔ سوات کے امن اور ترقی کے لئے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میٹنگ سے ایم این اے سلیم الرحمٰن اور سٹی مئیر شاہد علی نے بھی خطاب کیا۔

Related Articles

Loading...
Back to top button