آج کی خبریںقومی خبریں

مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، وزیراعظم

 اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مصنوعی طور پر مہنگائی بڑھانے کے ذمہ داروں کو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اشیا کی قیمتیں کنٹرول کے معاملے پر توجہ مرکوز کرنے کے نتیجے میں قیمتوں میں خاصی کمی آچکی ہے بالخصوصی سبزیوں کی قیمتیں کم ہوئی ہیں جیسا کہ دیکھا جاسکتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ مصنوعی طور پر مہنگائی کرنے میں ملوث افراد کی نشاندہی اور انہیں سزا ملنے تک ہرگز چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ دریں اثنا وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک کا تشخص اور نئے پاکستان کی شناخت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر تعلیم شفقت محمود، معاون خصوصی ذوالفقار عباس، معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اور دیگر شریک تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ موجودہ دورِ حکومت میں نہ صرف سفارتی سطح پر بلکہ اندرون ملک کئی شعبوں میں خاطر خواہ کامیابیاں نصیب ہوئی ہیں جس سے عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند ہوا اور اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی شناخت پر فخر محسوس کرنے لگے ہیں۔

 

بتایا گیا کہ کئی دہائیوں کے بعد آج پاکستان کسی اور کی جنگ نہیں لڑ رہا بلکہ دنیا میں امن کے فروغ میں متحرک پارٹنر کا کردار ادا کر رہا ہے، اس ضمن میں افغانستان میں امن کی کوششوں میں پاکستان کا کردار، سی پیک منصوبے میں چین کے ساتھ پارٹنر شپ اور عالمی طاقتوں کی جانب سے علاقائی امن میں کردار کا اعتراف بدلتے پاکستان کا عکاس ہے جب کہ نیا پاکستان مسلم امہ کے مابین اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ میں پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ موجودہ حکومت کی کوششوں کی بدولت ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ موجودہ دورِ حکومت میں سی پیک کو وسعت دیکر کئی اہم شعبہ جات اس اہم منصوبے میں شامل کیے گئے جس سے نہ صرف تعمیر و ترقی کا سفر تیز ہوا ہے بلکہ ہزاروں کی تعداد میں نوکریوں کے مواقع پیدا ہوئے ہیں ساتھ ہی سفارتی محاذ پر آج پاکستان تنہائی کا شکار نہیں بلکہ عالمی سطح پر ایک ذمہ دار ملک کا کردار ادا کر رہا ہے۔

 

اجلاس میں بتایا گیا کہ جہاں بھارت میں اقلیتوں کے لیے زمین تنگ کر دی گئی وہاں حکومت پاکستان اقلیتوں کے حقوق کا نہ صرف تحفظ کر رہی ہے بلکہ ان کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے کرتار پور جیسے اقدامات اٹھا رہی ہے، ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ ایک وزیرِ اعظم نے بیرون ملک قید پاکستانیوں کے لیے آواز اٹھائی اور ساڑھے 8 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی واپسی یقینی بنائی، آج کا پاکستان عالمی سطح پر خوددار پاکستان کے طور پر ابھر رہا ہے۔ وزیرِ اعظم نے معاون ِ خصوصی برائے اطلاعات کو ہدایت دی کہ پاکستان کے اصل تشخص کو ملکی اور عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں۔

Related Articles

Loading...
Back to top button