معاشی صورتحال بگاڑنے میں وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم ذمہ دار ہے،انجینئر امیر مقام
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، 16 اکتوبر 2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ہنگامی اقدامات نہ ہوئے تومعیشت کی بگڑتی صورتحال پر ملکی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ثابت ہوگی۔ انجینئر امیر مقام مالم جبہ میں پارٹی کارکنوں سے گفتگوکررہے تھے۔ سابق مشیر وزیراعظم نے کہاکہ معاشی صورتحال بگاڑنے میں وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم ذمہ دار ہے جس کی نااہلی اور بروقت فیصلے نہ کرنے کی وجہ سے مارکیٹ میں ابہام پیدا ہوا اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا ہے وزیراعظم عمران خان اور وزیرخزانہ ایک دوسرے پر ملبہ ڈال رہے ہیں۔ جس حکومت کا وزیراعظم اور وزیرخزانہ آئی ایم ایف اور معیشت کے معاملے میں ایک دوسرے پر الزامات عائد کررہے ہوں وہاں معاشی استحکام کیسے آسکتا ہے؟ انہوں نے کہاکہ حکومت عوام پر مہنگائی کا حملہ کرنے والی ہے جس سے غریب عوام کا جینا حرام ہوجائے گا۔ بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے غریب ایک وقت کی روٹی سے بھی محروم ہوجائے گا۔ انجینئر امیر مقام نے کہاکہ یہ پہلی حکومت ہے کہ جس نے پچپن روز میں معاشرے کے ہر طبقے کی چیخیں نکلوادی ہیں۔ ضمنی انتخابات کا نتیجہ ٹریلر ہے۔ لوگوں نے فیصلہ دے دیا ہے کہ جنگل کا راجہ شیر ہی ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کا بجٹ الفاظ کا گورکھ دہندہ ثابت ہوا۔بجٹ میں بی آرٹی منصوبے کے لئے فنڈز رکھنے کامطلب اس کی لاگت میں مزید اضافہ ہے۔ پی ٹی آئی میں ایک بھی منصوبہ تعمیر اورمکمل کرنے کی صلاحیت نہیں۔ بی آرٹی بننے سے پہلے ہی سفید ہاتھی بن چکا ہے۔