مٹہ پولیس اسٹیشن میں نوجوان پر تشدد،متاثرہ خاندان کا احتجاجی مظاہرہ
سوات (زما سوات ڈاٹ کام:31جنوری2018) مٹہ پولیس اسٹیشن میں پولیس تشدد سے زخمی ہونے والے نوجوان کو انصاف نہ ملنے کے خلاف متاثرہ خاندان کے افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا،مظاہرین نے نوجوان کو چارپائی میں مین روڈ پر رکھ کر دھرنا دیا اور روڈ کو ہر قسم ٹریفک کے لئے بند کردیا،گزشتہ روز ایک تنازعے میں مٹہ پولیس نے نوجوان عدنان ولد گل باچا سکنہ سمبٹ کو حوالات میں بند کردیا تھا،عدنان کے والد گل باچا نے بتایا کہ پولیس نے حوالات میں میرے بیٹے پر بے پناہ تشدد کرکے شدید زخمی کردیا جس کی وجہ سے وہ بے ہوش ہوکر ہسپتال میں داخل کرادیا گیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے منتخب نمائندوں اور پولیس حکام کو واقعے کے بارے میں اطلاع دی مگر ہماری فریاد پر کوئی شنوائی نہ ہو سکی جس کے خلاف ہم احتجاج پر مجبور ہو گئے،احتجاجی مظاہرے میں متاثرہ خاندان سمیت علاقہ عوام نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی،بعد ازاں پولیس حکام کی مداخلت سے احتجاج ختم کردیا گیا اور انہیں یقین دہانی کرائی گئی کہ مٹہ پولیس اسٹیشن میں ہونے والے واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی۔