مینگورہ کے عوام کا محکمہ سوئی گیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 18 جنوری 2019ء) محکمہ سوئی گیس کے ستائے ہوئے صارفین کے صبر کا پیمانہ چھلک پڑا،یونین کونسل گل کدہ،پانڑ ،خواجہ آباد کے بپھرے ہوئے عوام کا سخت احتجاج،پیر کے روز تک ڈیڈلائن دے دی،مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں احتجاجی کیمپ لگائیں گے،اس حوالے سے گذشتہ روز یونین کونسل گل کدہ کے علاقہ پانڑ،شہاب نگر،خواجہ آباد،شریف آباداوردیگر مقامات کے لوگوں نے سوئی گیس کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ کیخلاف جلوس نکالا اورر نعرے لگاتے ہوئے سوات پریس کلب کے سامنے پہنچ گئے جہاں پر خطاب کرتے ہوئے نوجوان صحافی پرویزعالم پاپا،سابق ناظم ریاض خان اوردیگر نے کہاکہ عوام نے دل کھول کر موجودہ نمائندوں کے حق میں ووٹ کا استعمال کیا اور انہیں اپنی خدمت کیلئے منتخب کیا مگر مقام افسوس ہے کہ ان نمائندوں نے عوام کو مایوسی اور محرومی کے سوا کچھ نہیں دیا،انہوں نے کہاکہ یونین کونسل گل کدہ میں گیس کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ جاری ہے جس پر حکومتی ذمہ داروں اور محکمہ والوں نے مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے ،انہوں نے کہاکہ دیگر علاقوں میں گیس کی سپلائی جاری ہے مگر مذکورہ یونین کونسل میں گیس کی سپلائی مکمل طورپر معطل ہے آخر یہاں کے لوگوں کے ساتھ یہ امتیازی سلوک کیوں کیا جارہاہے؟ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت عوام کی توقعات پر پورا نہ اتر سکی ،مظاہرین نے سوال اٹھایا کہ جو حکومت سوئی گیس لوڈشیڈنگ ختم نہیں کرسکتی وہ عوام کیلئے اور کیاکام کرے گی ؟محکمہ گیس کی لاپرواہی اور حکومت کی خاموشی کی وجہ سے عوام میں تشویش پھیلی ہوئی ہے ،انہوں نے کہاکہ گیس لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے ہم نے باربار اپیلیں اور درخواستیں کیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی ،مطالبات اور احتجاجوں سے بھی مسئلہ حل نہ ہوسکا لہٰذہ اگر پیر کے روز تک بھی مسئلہ حل نہ ہوا تو احتجاجی کیمپ لگانے پر مجبورہوجائیں گے جو گیس لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا جبکہ ہمارے احتجاج کے نتیجے میں جو بھی نقصان ہوا اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائدہوگی،مظاہرہ سے ایازباچا،محمد عالم،نورخان،حاجی اقبال،نثار اوردیگر نے بھی خطاب کیا ۔