پولیس کے ناک کے نیچے چوری کی دلیرانہ واردات
سوات(زما سوات ڈاٹ کام:11جنوری2018ء)سیدو شریف میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اور آر پی او محکمہ پولیس کے دفتر کے گیٹ سے پانچ فٹ کے فاصلے پر چوروں نے تالے توڑ کر دکان کو لوٹ لیا۔ انتہائی اہم ڈویژنل افسران کے دفاتر کے کمپاؤنڈ کے مرکزی گیٹ سے چند فٹ کے فاصلے پر نامعلوم چوروں نے گذشتہ رات دکان کے تالے توڑے اور وہاں سے سامان اور نقدی لے کر آرام سے فرار ہوگئے۔ اس کمپاؤنڈ کے گیٹ اور چاروں اطراف پولیس اور لیویز کی بھاری نفری تعینات رہتی ہے۔ کمپاؤنڈ کے چاروں طرف سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب ہیں۔ اس سلسلے میں تھانہ سیدو شریف سے رابطہ کیا گیا، تو وہاں موجود محرر نے چوری کے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ اس بارے ابھی تک کسی نے رپورٹ درج نہیں کرائی۔ ذرائع کے مطابق کمشنر اور ڈی آئی جی کے دفاتر کے مین گیٹ پر لگے سی سی ٹی وی کیمرہ نے بھی چوروں کے آنے، چوری کرنے اور واپس جانے کے مناظر کو عکس بند نہیں کیا ہے۔