کالام: اے این پی کے زیر اہتمام آل پارٹی کانفرنس، مقامی مسائل پر مشترکہ قراردادیں

سوات (ایچ ایم کالامی) کالام بازار میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی جانب سے مقامی مسائل کے حل کے لیے آل پارٹی کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی صدارت سابق ناظم کالام ملک امیر سید نے کی۔
کانفرنس میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور جمعیت علمائے اسلام سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں تجاوزات کے خلاف حکومتی آپریشن، کالام مرکزی شاہراہ کی خستہ حالی، سول ہسپتال کی نجکاری اور ہائر سیکنڈری اسکول میں سہولیات کی کمی جیسے مسائل پر غور کیا گیا۔
کانفرنس کے شرکا نے متفقہ طور پر 2020 میں انتظامیہ کے مقرر کردہ حدود سے آگے تجاوزات کے خاتمے کو مسترد کیا۔ سول ہسپتال کی نجکاری اور تعلیمی مسائل کے حل کے لیے علیحدہ علیحدہ کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، جبکہ شاہراہ کی بحالی کے لیے ایک وفد کو مقامی ایم این اے کے ہمراہ وفاقی وزیر مواصلات سے ملاقات کے لیے اسلام آباد بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کانفرنس نے متفقہ طور پر خبردار کیا کہ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو مشترکہ مزاحمتی تحریک شروع کی جائے گی



