آج کی خبریںسوات کی خبریں

کبل تا کالاکلے سڑک کی تعمیر تاخیر کا شکار، گرد و غبار نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا

سوات (زما سوات) تحصیل کبل سے کالاکلے تک زیرِ تعمیر سڑک عوام کے لیے وبالِ جان بن گئی ہے۔ روزانہ ہزاروں گاڑیوں کی آمد و رفت والی یہ شاہراہ گزشتہ تین ماہ سے ادھوری پڑی ہے، جس کی وجہ سے گرد و غبار، ٹریفک مسائل اور صحت کی شکایات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق 5 سے 6 کلومیٹر طویل اس سڑک پر تاحال روڑی بچھانے کا کام بھی مکمل نہیں ہو سکا جبکہ تارکول ڈالنے کا عمل تو ابھی شروع ہی نہیں ہوا۔ ناقص منصوبہ بندی اور غیر سنجیدہ رویے کے باعث مقامی آبادی، خصوصاً خواتین، بچے اور بزرگ، گرد و غبار سے سانس، کھانسی، آنکھوں اور جلد کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

موٹر سائیکل سوار اور چھوٹی گاڑیوں کے مسافر مسلسل پریشانی کا شکار ہیں جبکہ بڑی گاڑیاں تیز رفتاری سے گزرنے کے باعث مزید گرد اُڑا دیتی ہیں، جس سے صورتحال مزید ابتر ہو جاتی ہے۔ شہریوں نے ان ڈرائیورز سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے علاقوں میں محتاط ڈرائیونگ کریں تاکہ عوام کو مزید تکلیف نہ ہو۔

عوام نے متعلقہ ٹھیکیدار سے مطالبہ کیا ہے کہ تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے، جبکہ حکومت وقت سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ سڑک کی حالتِ زار کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کرے تاکہ شہریوں کو روزمرہ کی اذیت سے نجات مل سکے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button