آج کی خبریںسوات کی خبریں

گل کدہ میں بھائی نے فائرنگ کرتے ہوئے بہن اور بہنوئی کو قتل کردیا

سوات(زما سوات ڈاٹ کام :24مارچ2018)سیدو شریف کے علاقہ گل کدہ میں بھائی نے کزن کے ساتھ مل کر بہن اور بہنوئی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق 24 سالہ ذیشان ولد باچا خان سکنہ سیدو شریف اپنی 22 سالہ اہلیہ مسماۃ رقیہ دختر میاں محمد سکنہ مکان باغ مینگورہ کے ساتھ رکشہ میں اپنے گھر واقع رشہ گٹہ سے کچہری میں تاریخ پیشی کے لئے آرہے تھے کہ گل کدہ نمبر 1میں حمید علی ولد میاں محمد سکنہ مکان باغ نے اپنے چچا زاد آفتاب کے ساتھ رکشہ روک کر پہلے اپنے بہنوئی کو فائرنگ کرکے قتل کیا، پھر چھریوں کے وار کرکے اپنی بہن کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ سیدو شریف پولیس کے مطابق ملزم حمید علی کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کرلیا گیا اور مقتول کے چچا نوید خان کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا۔سیدو شریف میں قتل ہونے والے میاں بیوی کی شادی ایک سال قبل ہوئی تھی۔ 24 سالہ مقتول نے اس سے پہلے گھر سے چھپ کر ایک اور خاتون سے شادی کی تھی جس سے مقتول کی ایک بیٹی ہے۔ پہلی اہلیہ نے اپنے خاوند ذیشان کے خلاف عدالت میں مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس کے مطابق آج اس مقدمہ میں مقتول ذیشان اور پہلی اہلیہ کے درمیان راضی نامہ ہونے والا تھا جس میں پہلی اہلیہ کی شرط تھی کہ وہ دوسری بیوی (مقتولہ رقیہ) کو طلاق دے گا۔ گرفتار ملزم حمید نے پولیس کو بتایا کہ پہلے ذیشان نے ہماری بہن کو گھر سے فرار ہونے میں مدد دی اور اس کے ساتھ شادی کی۔ اب اس کو طلاق دے رہا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے دونوں کو قتل کیا۔ تاہم اصل حقائق پولیس تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button