ڈیڑھ ماہ میں 26 لاکھ سے زائد سیاحوں کی خیبر پختونخوا میں آمد
سوات (زما سوات ڈاٹ کام )کورونا وباء اور لاک ڈاون کے بعد سیاحتی مقامات کھلتے ہی سیاحوں کی بڑی تعداد نے خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا، گلیات میں 17 لاکھ اور وادی سوات میں ڈیڑھ ماہ کے دوران دو لاکھ 94ہزار سیاحوں کی آمد ہو ئی۔
کورونا وباء اور لاک ڈاون کی وجہ سے چھ ماہ تک سیاحتی مقامات بند رہے جس سے نہ صرف سیاحتی انڈسٹری کو نقصان پہنچا بلکہ سیاح بھی گھروں تک محدود رہے ۔ محکمہ سیاحت کی جانب سے جاری کردی اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات میں 26لاکھ81ہزار932سیاحوں کی آمد ہوئی اور سیاح حسین مقامات سے خوب لطف اندوز ہوئے۔
محکمہ سیاحت کے مطابق سب سے زیادہ سیاحوں نے وادی گلیات کا رخ کیا جہاں پر سیاحوں کی تعداد17لاکھ رہی جبکہ دوسرے نمبر پر وادی سوات میں کثیر تعداد میں سیاحوں کا تانتا بندھا رہا ، کل2 لاکھ94ہزار سیاح سوات پہنچے ، اسی طرح مانسہرہ میں 2 لاکھ چھ ہزار،چترال میں 28ہزار اوراپر دیر میں 20ہزار سیاحوں نے ڈیرے ڈالے ۔
رپورٹ کے مطابق 13مارچ سے30ستمبر تک 7لاکھ66ہزار سیاحوں نے خیبر پختونخوا کے صرف 6 اضلاع دیر لوئر،دیر اپر،چترال،مانسہرہ سوات اور ایبٹ آباد کا رخ کیا۔
رپورٹ کے مطابق 31ہزار177سیاحوں نے ٹینٹ میں رہنے کو ترجیح دی جبکہ 6لاکھ38ہزار913ہوٹلوں میں قیام پذیر رہے۔