عیدالفطرکی آمد،چائناپٹاخوں اور کھلونا نما اسلحہ کی ترسیل شروع
مینگورہ (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 03 جون 2018ء) عید الفطر کیلئے سوات ودیگر اضلاع کو لاکھوں روپے مالیت کے پٹاخوں اور کھلونا نما اسلحہ کی ترسیل شروع ہو گئی ہے جبکہ پشاورکے کارخانومارکیٹ سمیت پیپل منڈی سے بڑی تعداد میں پٹاخے اور کھلونا نمااسلحہ پشاور کے چھوٹے دکاندار اور صوبے کے دیگر اضلاع سے آئے ہوئے خریدار لے جارہے ہیں ،نواحی علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں خریداروں نے پشاور کا رخ کیا ہے ،یہ کھلونا نما اسلحہ او ر پٹاخے عید الفطر کے موقع پر فروخت کئے جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق عید الفطر قریب آتے ہی پشاورکے پیپل منڈی اور کارخانو مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر چائنہ پٹاخے اور کھلونا نما اسلحہ کی خریدار ی شروع ہو گئی ہے جبکہ کھلونا نما اسلحہ میں چھروں کے استعمال کے باعث کئی بچے زخمی ہو چکے ہیں اور عید الفطر پر بڑی تعداد میں چائنہ پٹاخوں سمیت دیگر کھلونا نمااسلحہ کی فروخت پر شہریوں نے انتظامیہ سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔یاد رہے کہ گزشتہ سال ضلعی انتظامیہ نے کھلونا نما اسلحہ اور پٹاخوں کی فروخت پر دفعہ 144کے تحت پابندی عائد کر دی تھی ۔