فلک سیر چوٹی سر کرنے پر سوات سے تعلق رکھنے والے نوجوان کوہ پیماؤں کو تعریفی اسناد اور انعام سے نوازا گیا
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے سوات سے تعلق رکھنے والے نوجوان کوہ پیماؤں سید ذیشان عمر اور نعمان خلیل کو ضلع سوات کی بلند ترین چوٹی فلک سیر سر کرنے پر تعریفی اسناد سے نوازا ہے۔ نوجوان کوہ پیماؤں نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی سے کمشنر آفس سیدو شریف میں ملاقات کی۔ ملاقات میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے نوجوان کوہ پیماؤں کے اس اقدام کو سوات کیلئے ایک اعزاز قرار دیا اور نوجوان کوہ پیماوں کو ہر قسم تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں کوہ پیمائی کا بڑھتا ہوا رجحان صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے نوجوانوں کو 50, 50 ہزار روپے کے چیک بطورِ انعام پیش کیا ہے۔ یاد رہے کہ سید ذیشان عمر اور نعمان خلیل نے کوہ پیمائی کا یہ کارنامہ اپنی مدد آپ کے تحت سرانجام دیا ہے۔