آبپاشی کے تمام منصوبوں پر تعمیراتی کام تیز کیا جائے،محمود خان

سوات (زما سوات ڈاٹ کام :24اکتوبر2017ء )خیبر پختونخواکے وزیر آبپاشی وکھیل محمود خان نے محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام سے کہا ہے کہ وہ صوبے بھرمیں آبپاشی کے تمام منصوبوں پر تعمیراتی کام مزید تیز کرکے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کو یقینی بنائیں ،اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیری حربے ہرگز برداشت نہیں کئے جائیں گے، ان خیالات کااظہار انہوں نے ایریگیشن کمیٹی روم پشاورمیں محکمہ کے زیر اہتمام سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اورنئے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دینے کے موقع پر کیا،اس موقع پر سیکرٹری ایریگیشن خیبرپختونخوا طارق رشید ،چیف انجینئرز نارتھ ساؤتھ ،سپرنڈنٹنڈنگ انجینئرز،ایگزیکٹیو انجینئرزکے علاوہ متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈائریکٹر پی ایم سی صاحبزاد محمد شبیر نے صوبائی وزیر کو محکمہ آبپاشی کے زیر اہتمام سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری ،نئے منصوبوں اورمختلف پراجیکٹس پرتعمیراتی کام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔جس پر صوبائی وزیر آبپاشی محمود خان نے اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے پوری ایمانداری اورخلوص نیت کے جذبے سے سرشار ہوکر اپنے فرائض پورے کریں ۔اس موقع پر محمود خان نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ باغ ڈھیری ایریگیشن چینل جو انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اس پرتعمیراتی کام مزید تیز کرکے مکمل کریں کیونکہ اس اہم منصوبے سے تقریباً 8 ہزار بنجر اراضی قابل کاشت اورسیراب ہوگی۔انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کاموں کاجائزہ لینے کے لئے 15 دن کے بعد ایک میٹنگ ہوگی۔اس کے لئے تمام متعلقہ سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز پوری تیار ی کے ساتھ شرکت کریں۔

Mehmood KhanPTi