امریکی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب جماعت اسلامی دے گی،مشتاق احمد خان

سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔25اگست 2017ء )امیر جماعت اسلامی خیرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ امریکی دھمکیوں پر حکمرانوں کی خاموشی نہایت ہی افسوسناک ہے جس کا منہ توڑ جواب جماعت اسلامی دے گی، وقت آگیا ہے کہ امریکہ کو منہ توڑ جواب دیا جائے، جماعت اسلامی ’’ نظام رب کا احتساب سب کا‘‘ کے نعرے کے ساتھ الیکشن 2018 کے الیکشن میں میدان میں اترے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات کے علاقے کبل لنڈئی میں بڑے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، جماعت اسلامی نے پاکستان زندہ باد‘وامریکہ مردباد مہم کا آغاز کردیا، خیبراور فاٹا کے دس لاکھ نوجوانوں کو میدان میں لانے کا فیصلہ ، جماعت اسلامی کے امیر صوبہ مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ عوام دوسری پارٹیوں سے تنگ آچکے ہیں، مسلسل شمولیتوں سے جماعت اسلامی ایک بھرپور عوامی قوت بن چکی ہے عوام کا رخ جماعت اسلامی کی جانب ہے،جماعت اسلامی’’ نظام رب کا احتساب سب کا‘‘ کے تحت الیکشن 2018میں بھرپور کامیابی حاصل کریگی کیونکہ جماعت اسلامی کے پاس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے بہترین منصوبہ ساز موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائے گی،نوجوان ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، جلسہ عام سے جماعت اسلامی سوات کے نائب امیر حافظ اسرار احمد، تحصیل ناظم حاجی رحمت علی اور کسان کونسلر اجمل خان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر کسان کونسلر اجمل خان نے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی صدر کی دھمکیوں کی کوئی وقعت نہیں، ہم امریکی صدر کی دھمکیوں اور امریکی امداد کو مسترد کرتے ہیں، امریکی اتحاد سے نکلنے اور اسے صاف جواب دینے کا یہی بہترین وقت ہے۔ حکمران خود میں جرأت پیدا کریں اور امریکہ کو دوٹوک جواب دے، جماعت اسلامی امریکہ کے مقابلے میں پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے اور امریکی دھمکیوں کے مقابلے میں قوم کو متحد کرکے خیبر پختونخوا اور فاٹا کے دس لاکھ نوجوانوں کو امریکہ کے مقابلے میں میدان میں لائیں گے، پاکستان زندہ باد امریکہ مردہ باد تحریک شروع کرکے امریکہ کو سخت جواب دیں گے۔ پاکستان زندہ باد امریکہ مردہ باد مہم میں دفاع کے لئے دفاع پاکستان سیمینارز، کنونشنز، ریلیز اور واکس کا اہتمام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں نوجوانوں کو میدان میں لائیں گے کیونکہ دیگر جماعتوں سے مایوس لوگ جوق در جوق جماعت اسلامی میں شامل ہورہے ہیں،جماعت اسلامی 2018ء کے انتخابات میں صوبے بھر میں کامیابی حاصل کرے گی ، انہوں نے کہا کہ پاکستان پر پچھلے ستر سال سے کرپٹ طبقہ مسلط ہے، اس کرپٹ طبقے کے خلاف احتساب سب کا تحریک شروع کی ہے۔ تمام کرپٹ افراد کو عدالت کے کٹہرے میں لاکر سزا دلوائیں گے، کرپشن کے خلاف اپنی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔

Jamat islami