ایکسپریس وے کی تعمیر کے خلاف نیک پی خیل جرگہ کا مزاحمت کا اعلان

سوات(زما سوات ڈاٹ کام:17 فروری2018) سوات کی تحصیل کبل میں زرعی زمینوں پر ایکسپریس وے کی تعمیر کے خلاف نیک پی خیل گرینڈ جرگہ نے شدید مزاحمت کا اعلان کردیا۔ تمام سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی نے برہ بانڈئی سے کانجو چوک تک ریلی نکال کر ایکسپرے وے کی تعمیر کے لیے زرعی اراضی دینے سے انکار کردیا۔ نیک پی خیل گرینڈ جرگہ کے زیر اہتمام ہونے والی ریلی میں مسلم لیگ ن کے فیروزشاہ خان ایڈووکیٹ، پی ٹی آئی کے سعید خان ڈھیرئی،ضلعی کونسلر فیاض خان دمغار،اے این پی کے رحمت علی خان،جماعت اسلامی کے تحصیل کونسلر ریاض ننگولئی، پختونخوا میپ کے ملک ریاض احمد خان اور جے یو آئی کے اشفاق خان ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ شرکا ’’ہمیں آزادی چاہیے، غلام نہ بنایا جائے‘‘ کے نعرے لگارہے تھے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہاکہ حکومت نے تحصیل کبل میں دریائے سوات کے کنارے کو چھوڑ کر ایکسپریس وے کے لئے ہماری قیمتی زرری اراضیات پر نشانات لگادئے گئے ہیں، جس کی ہم کسی صورت اجازت نہیں دیں گے.

Express WayJIrgaKabal