برڈز کے زیر اہتمام پری بورڈ امتحان کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم

سوات (زما سوات ڈاٹ کام:17مارچ2018) بورڈ آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سوات کی جانب سے میٹرک کے پری بورڈ امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے، اس حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سوات تعلیمی بورڈ کے اکیڈمک سیکرٹری عمر حسین، برڈز کے چئیر مین فضل ربی،وائس چیئر مین عمر علی،سکولوں کے اساتذہ اور طلباء و طالبات شریک ہوئے ۔تقریب میں سکول کے طلبا و طالبات نے ملی نغمے،ٹیبلوز پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی، اس موقع پر میٹرک کے پری بورڈ امتحان میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سوات تعلیمی بورڈ کے اکیڈمک سکرٹری عمر حسین نے کہا کہ بورڈ آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سوات طلباء کی بہترین انداز میں رہنمائی کر رہا ہیں اور تعلیمی میدان میں ایک مثبت کردار ادا کر رہا ہیں، انہوں نے کہا کہ جن طلباء و طالبات نے پری بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کی وہ سالانہ امتحان میں بھی اچھی کار کردگی کا مظاہرہ کریں گے۔برڈز کے چئیر مین فضل ربی ،وائس چئیرمین عمر علی اور دیگر نے کہا کہ ہماری شروع سے ہی کوشش رہی ہے کہ ہم جدید طرز تعلیم سے بچوں کو آراستہ کریں،پری بورڈ امتحان کا مقصد بچوں کو سالانہ امتحان کے لئے تیار کرنا ہے ،انہوں نے کہا کہ جو بچے پری بورڈ میں پوزیشن حاصل کرتے ہیں وہ سوات تعلیمی بورڈ کے سالانہ امتحان میں بھی وہی پوزیشن برقرار رکھتے ہیں جو برڈز کی بہتر کارکردگی کا ثبوت ہے، اس موقع پر برڈز سے وابستہ سکولوں میں قرعہ اندازی کے ذریعے لیپ ٹاپس بھی تقسیم کئے گئے۔

BerdsExamsResultSSC