تبدیلی کے دعوے داروں نے صوبے کو معاشی بدحالی سے دوچار کردیا ہے،امیر حیدر خان ہوتی

سوات(زما سوات ڈاٹ کام:27اپریل2018)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر ہوتی نے کہا ہے کہ تبدیلی کے دعویداروں نے قرضے لے لے کر صوبے کو معاشی بدحالی سے دوچار کردیا ہے ، پرویز خٹک نے صوبے کے خزانے کا بیشتر حصہ وزیر اعلیٰ ہاؤس اور بنی گالہ کے اخراجات پر صرف کیا ،سوات کی عوام اور یہاں کی پولیس فورس نے قیام امن کے لئے بے تحاشہ قربانیاں دی ہیں جس کا انہیں صلہ نہیں ملا ،اے این پی اقتدار میں آکر یہاں کی عوام کو درپیش مشکلات ختم کرنے اور بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے لئے اقدامات اُٹھائے گی، ان خیالات کا اظہارانہوں نے سوات کے علاقے پانڑ دنگرام میں ایک بڑے شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا شمولیتی تقریب میں مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے ضلعی کونسلر اور رہنما عاصم خان نے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حید رہوتی نے کہا کہ پختون اپنی حقوق کی حصول کے لئے متحد ہوکر پنجاب اورلاڑکانہ کی بالادستی قبول کرنے کی بجائے خیبر پختونخوا کے حقیقی وارثوں اور پختون رہنماؤں کے ہاتھ مضبوط کرنے کے لئے ہمارا ساتھ دیں۔ موجودہ صوبائی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانچ سال گزرنے کے باؤجود تبدیلی سرکا ر نے اپنا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا یہ اعزاز صرف اے این پی کو حاصل ہے جنہوں نے نامساعد حالات کے باؤجود یہاں کی عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے قربانیاں دیں،پی ٹی آئی کے حکمرانوں نے کرپشن کی انتہا کرتے ہوئے صوبے کے خزانے کا ستیاناس کردیا ہے ، ڈیویلپمنٹ کے منصوبوں میں ریکارڈ گھپلے کئے گئے ہیں جس پر ملک کی تاریخ میں پہلی بار کسی صوبے کے وزیر اعلیٰ کو نیب کے روبرو پیش ہونا پڑا۔ عجب کرپشن کی غضب کہانی ہے کہ ممبران اسمبلی وزراء‘ اور وزراء وزیراعلیٰ سمیت پارٹی چیئر مین عمران خان پر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں لیکن اے این پی اقتدار میں آکر ان سے پائی پائی کا حساب لے گی۔ تقریب کے اختتام پر پارٹی کے صوبائی صدر نے ضلعی صدر شیر شاہ خان اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ عاصم خان اور ان کے ساتھ دیگر شامل ہونے والوں کو پارٹی کی ٹوپیاں پہنا کر اے این پی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ نئے شامل ہونے والوں کواپنے فیصلے پر کوئی ندامت نہیں ہوگی بلکہ اے این پی کے تمام قائدین اور کارکنا ن ان کی مشاورت سے علاقے کی تعمیر وترقی کے لئے بھر پور کوشش کرے گی۔

Ameer Haider KhanANP