تحریک انصاف ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے،محمود خان

سوات(زما سوات ڈاٹ کام:11مئی2018) خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی وکھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ عوام تحریک انصاف کے قافلے میں شامل ہوکر ہی ملک کو بحرانوں اور اندھیروں سے نکال سکتے ہیں ، حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ عوام کو امن و امان کی بہتر صورت حال ،تعلیم اور صحت کی بہترین سہولیات فراہم کریں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے چپریال گھڑئی مٹہ میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اجتماع سے ضلعی کونسلر بہادر خان ،تحصیل کونسلر ،عادل خان ،پی ٹی آئی کے رہنماؤں ملک اختر علی خان ،سعید خان ،محمد عالم خان اور حاجی زمین خان نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر اے این پی کے ممتاز اور اہم رہنماؤں سید حیدر علی،محمد حنیفہ،سردار علی،عثمان غنی ،حبیب اللہ ،ہدایت اللہ ،سعید احمد شاہ،انور شاہ ،میاں کریم بخش اور فضل نواب نے اپنے اپنے خاندانوں سمیت سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ اے این پی سے تیس سالہ ناطہ توڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔محمود خان نے کہا کہ اے این پی کے دور حکومت میں نہ صرف امن و امان کی حالت خراب تھی بلکہ ہر چیز بک رہی تھی ۔ایس ایم ایس اور ایزی لوڈ کلچرعام تھا حقدار کواس کا حق نہیں مل رہا تھا رشوت ،کرپشن ،کمیشن اور بدعنوانی عام تھی، اُس وقت کے پارٹی لیڈر بدامنی کے وجہ سے صوبے میں نہیں آسکتے تھے جبکہ ہماری دور حکومت میں وہ لوگ کھلم کھلا جلسے کر رہے ہیں یہی وہ تبدیلی ہے جس کا ہم نے 2013میں عوام کے ساتھ وعدہ کیا تھا آج لوگ میرٹ پر بھرتی ہورہے ہیں اور حقدار کو اس کا حق مل رہا ہے۔محمود خان نے کہا کہ غیر منتخب تنخواہ دار سیاسی مشیرذہنی تواز ن کھو چکے ہیں ان کو اپنے لیڈر کے کرپشن نظر نہیں آ رہی اور پی ٹی آئی کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت پروپیگنڈے پھیلا رہے ہیں لیکن وہ جان لے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عوام میں سیاسی شعور پیدا کیا ہے۔ وہ ان کے منفی پروپیگنڈوں میں نہیں آئینگے۔

Mehmood KhanTehreek Insaf
Comments (0)
Add Comment