سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔20جولائی 2017ء )سوات میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پر تحصیل ناظم اکرام خان اور کونسلرز بھی آپے سے باہر ہوگئے، واپڈا ہاوس کے گھیراؤ اور دفاترکو تالے لگانے کی دھمکی دے دی، بجلی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مینگورہ شہر میں 52ٹیوب ویلز بدستور بند ہیں جس کی وجہ سے شہر میں پانی کا بحران شدت اختیار کر رہا ہے، صورت حال پر تحصیل ناظم نے عوامی احتجاج کا رخ واپڈا دفاتر کی طرف کرنے کا سگنل دیدیا، تحصیل ناظم بابوزئی نے واپڈا کی طرف سے بد ترین لوڈشیڈنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مینگورہ شہر میں 52ٹیوب ویلز کے بندش کا ذمہ دار واپڈاکو قرار د یتے ہوئے اپنے دفتر میں میڈیا اور تحصیل کونسلروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا کے ستائے ہوئے لوگ سڑکوں پر نکل کر سراپا احتجاج ہیں، شہر کے 52ٹیوب ویلز بدستور بند پڑے ہیں جس کی وجہ سے پانی بحران مزید شد ت اختیار کررہا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم اور اہل علاقہ مزید یہ ظلم برداشت نہیں کرسکتے جس کی وجہ سے واپڈا کے دفاتر رُخ کرنے پر مجبور ہورہے ہیں، اگر واپڈا حکام نے ظلم کا سلسلہ بند نہ کیا تو ہم واپڈا ہاوس کا گھیراؤ کرتے ہوئے واپڈا دفاترکو تالے لگا نے سے دریغ نہیں کریں گے۔