جماعت اسلامی حلقہ خواتین نے خواتین حقوق کے لئے مہم کا آغاز کردیا

سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔20اگست 2017ء )جماعت اسلامی سوات حلقہ خواتین نے خواتین حقوق کے لئے مہم کا آغاز کردیا ۔مہم تین ماہ تک جاری رہے گا۔مہم کے دوران سوات میں ہزاروں خواتین کو جماعت کا ممبر بنائیں گے ۔مہم کا مقصد خواتین تک جماعت اسلامی کی دعوت پہنچانا ، خواتین میں اسلامی نقطہ نظر سے شعور اجاگر کرنا اور خواتین کو درپیش مسائل کا حل تلاش کرنا ہے ۔مہم میں خواتین وراثت ، سورہ ، جبری نکاح ، جہیز، غیرت کے نام پر ناحق قتل سمیت دیگر ناکارہ اور غیر اسلامی مراسم سے آگاہی اور خواتین کو انصاف فراہمی کے لئے کردار شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی حلقہ خواتین سوات کے ذمہ داران ممبرقومی اسمبلی عائشہ سید ، سابقہ ایم این اے جمیلہ احمد، ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری رابعہ ،سابقہ ایم پی اے صابرہ شاکر اور دیگر نے سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر خوازہ خیلہ کی رہائشی کرن نورنے اپنے خاندان سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کردیا، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے عائشہ سید نے اور دیگر نے کہا کہ 5ستمبر سے خواتین کی ممبرسازی کا باقاعدہ آغاز ہوگا ۔مہم کے دوران معاشرے کی مؤثر خواتین سے رابطوں کے لئے خواتین وفود تشکیل دیئے جائیں گے ۔مؤثرخواتین کو جماعت اسلامی میں شامل کرانے کے لئے زونز کی سطح پر خواتین شمولیتی تقاریب کا انعقاد ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل جرم اور غیر اسلامی و غیر انسانی فعل ہے کسی بھی مہذب معاشرے میں اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔خواتین کو تحفظ ، وراثت میں حق ، جہیز کی لعنت سے آزادی ،سورہ جبری نکاح پر قدغن لگانا، تعلیم ، سیرو تفریح اور سپورٹس سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملٹی نیشنل کمپنیاں ٹی وی اشتہارات اور بل بورڈز پر خواتین کی عزت ، عظمت اور تقدس پامال کررہی ہے حکومت پاکستان دستوری ذمہ داری کے تحت فوری طور پر کمپنیوں کواس چیز سے روکے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو خواتین کو حقیقی معنوں میں باعزت مقام دینے کے لئے کوشاں ہے ۔

Jamat islamiMNA Ayesha SyedWomen Wing