جنرل بس اسٹینڈ میں مخالف گروپ کی غنڈہ گردی کے خلاف ٹرانسپورٹروں کا احتجاجی مظاہرہ

سوات(زما سوات ڈاٹ کام) آل سوات ٹرانسپورٹ یونین نے جنرل بس اسٹینڈ میں مخالف گروہ کی غنڈہ گردی اور فائرنگ کے خلاف سوات پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور انتظامیہ سے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل سوات ٹرانسپورٹ یونین کے چیئر مین خائستہ باچا، صدر مشتاق خان،، سینئر نائب صدر محمد ا قبال،شانگلہ کے صدر محمد سلطان، جنرل سیکرٹری افضل خان، مکرم خان بابو صاحب، عبداللہ اور دیگر عہدیداروں نے کہاکہ جنرل بس اسٹینڈ کے حوالے سے آر ٹی اے اور ٹی ایم اے کا قانو ن واضح ہے اور اس ضمن میں دارالقضاء سوات نے بھی واضح احکامات دئے ہیں کہ سی کلاس اڈہ میں ڈی کلاس کا اڈہ قائم نہیں ہوسکتا اور نہ ہی سرکاری اڈہ سے تین کلومیٹر کے فاصلے پر کوئی اوراڈہ قائم کیا جاسکتا ہے جبکہ ریڈزون میں بھی اس کی اجازت نہیں لیکن ٹھیکدار افضل گجر اور ان کے ساتھی بدمعاشی پر اترآئے ہیں اور بندوق کے زورپر اڈے میں گھسنے کی کوشش کررہے ہیں جو نہ صرف خلاف قانون ہے بلکہ عدالت عالیہ کی کھلی توہین بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اس کھلی بدمعاشی کے خلاف پیر کے روز مکمل پہیہ جام کا اعلان کیا تھا لیکن انتظامیہ کی درخواست اور یقین دہانی پر اس کو ملتوی کردیتے ہیں تاہم اگر ہمارے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جاتا تو پھر پورے ڈویژن میں پہیہ جام کرکے اڈوں کو خالی کردیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم قانون کے ماننے والے لوگ ہیں لیکن ایک گروہ جان بوجھ کر بندوق کے زور پر اڈے کا پرامن ماحول خراب کرنا چاہتاہے،بعدازاں ٹرانسپورٹروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مخالف گروہ کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

Transporters
Comments (0)
Add Comment