سوات (زما سوات ڈاٹ کام 08اگست 2017ء )صوبائی وزیر کھیل و ثقا فت، میوزیم و امور نوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملا کنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ طلباء کو جدید سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے علو م سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، پی ٹی آئی کی حکومت اس مد میں کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے تا کہ طلباء سائنسی تحقیق اور فنون کے میدان میں مہارت حاصل کرکے ملک و قوم کو ترقی سے ہمکنار کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج مٹہ میں طلباء کیلئے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے آلات مختلف کالجوں کے پرنسپلز کے حوالہ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے یہ جدید آلات صوبائی حکومت نے یو ایس ایڈ کے تعاؤن سے فراہم کئے، تقریب میں تحصیل ناظم مٹہ عبدا للہ خان مختلف کالجوں کے اساتذہ کرام اور طلباء بھی کثیر تعداد میں موجود تھے ، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج مٹہ پروفیسر حاجی نواب اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے چےئر مین پروفیسر عبدا للہ خان نے بھی تقریب سے خطا ب کیا، صوبائی وزیر محمود خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے صوبے میں شعبہ تعلیم اور صحت میں ایمرجنسی کا جو نعرہ لگایا تھااللہ کے فضل سے اس میں 100 فیصد کامیابی حاصل کرلی ہے، کالجوں میں اساتذہ کرام کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے بائیوں میٹرک سسٹم کا نظام اور میرٹ شفافیت کے ذریعے آن لائن داخلوں کا نظام رائج کیا اس کے علاوہ صوبائی حکومت نے سی پیک میں چین کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کے مطابق ہونہار طلباء اعلیٰ تعلیم کیلئے چین بھجوائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے ہر حلقے میں ڈگری کالج کا قیام عمل میں لا رہی ہے تا کہ غریب اور نادار طلباء کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے مواقع دہلیز پر فراہم ہو سکیں۔