خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی کشتی آخری ہچکولے کھا رہی ہے،امیر حیدر خان ہوتی

سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔24جولائی 2017ء )عوامی نیشنل پارٹی صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ تخت پنجاب کی حصول کیلئے نواز شریف اور عمران خان ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی کوششوں میں ہیں ، تعلیمی ایمرجنسی کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں کا اصل چہرہ میٹرک نتائج کے بعد بے نقاب ہو چکا ہے ، خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی کشتی آخری ہچکولے کھا رہی ہے نیا پاکستان بنانے کا خواب ادھورا رہ گیا کیونکہ عوام نے سوشل میڈیا پر تبدیلی کا انقلاب مسترد کر دیا ہے ، ہمارے دور کے ترقیاتی منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا کر پرویز خٹک عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلی باغ میں پی کے 86 کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی سوات کے صدر شیر شاہ خان ، صوبائی نائب صدر ایوب خان ، مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری واجد علی خان ، ضلعی جنرل سیکرٹری رحمت علی خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ تحریک انصاف نے صوبے کا کباڑہ بنا دیا ہے ، عمران خان نواز شریف کی تلاشی کی بات کر رہے تھے اب خود تلاشی سے بھاگ رہے ہیں ، پانامہ میں جن افراد کے نام آئے ہیں ان کیخلاف تحقیقات ہونی چاہئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے آف شور کمپنی بنا کر چوری کی تو خان صاحب نے نیازی کمپنی بنا کر کون سا عمرہ ادا کیا ہے، ہم پر الزام لگانے والے خود حساب دینے سے بھاگ رہے ہیں ، سونامی خیبر پختونخوا میں آخری ہچکولے کھا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ میٹرک کے حالیہ نتائج سے تعلیمی ایمرجنسی کا پول کھل گیا ہے تبدیلی صرف سوشل میڈیا پر ہے ، صحت کے شعبہ میں تبدیلی خورد بین میں بھی نظر نہیں آ رہی ہے ، پرویز خٹک ہمارے منصوبوں پر اپنی نام کی تختیاں لگا کر عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے جبکہ نواز شریف اور عمران خان تخت پنجاب کی سیاست کر رہے ہیں۔

Ameer Haider Khan HotiANP