سوات (زما سوات ڈاٹ کام :31اکتوبر2017ء )دریائے سوات کی مچھلیوں میں ایک بارپھر پر اسرار بیماری پھیلنے لگی،مختلف مقامات پر مچھلیاں مردہ حالت میں پانی کی سطح پر تیرتی دکھائی دے رہی ہیں، ذرائع کے مطابق دریائے سوات میں ایک بار پھر پراسرار بیماری پھیلنے سے اب تک ہزاروں مچھلیاں ہلاک ہو گئی ہیں جبکہ ان کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ مچھلیوں میں مرض پھیلنے کے بعد ان میں مزاحمت کرنے کی طاقت نہیں رہتی اور وہ مر کر پانی کی اوپری سطح پر آجاتی ہے،بیماری کی وجہ سے مچھلیوں کی جلد نیلی ہو جاتی ہے اور ان کے سانس لینے کی جگہ( گلز) پر زخم کے نشانات پڑ جاتے ہیں۔ کبل،مٹہ،بحرین اور خاص کر کانجو اور بائی پاس روڈ کے قریب دریائے سوات میں ہلاک ہونے والی مچھلیوں کی تعداد زیادہ بتائی جا رہی ہے،ماہی گیروں کے مطابق زیادہ تر صبح کے وقت ان مردہ مچھلیوں کو دیکھا جا سکتا ہے جو مردہ حالت میں دریاکے کنارے آجاتی ہے ۔ محکمہ فشریز کے گزشتہ سال بھی اس طرح کی بیماری پھیلی تھی جن میں ہزاروں کی تعداد میں قیمتی اور نایاب مچھلیاں مردہ ہو گئی تھی ،دریائے سوات کے علاوہ دریائے پنجکوڑہ اور دریائے خان خوڑ میں بھی مچھلیوں کو مردہ حالت میں پایا گیا ہے ۔