سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 11 جولائی 2019ء) مینگورہ سے سبزی منڈی منتقلی کے خلاف جاری احتجاج کے پیش نظر مسلہ کے پائدار حل کیلئے سبزی منڈی کی منتقلی کو ایک ماہ کیلئے روک دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان نے سبزی منڈی تنازعہ کے حل کیلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کا اعلان کیا ہے جو فریقین سے جرگے اور صلاح مشورے کے بعد مسئلہ کا پائیدار حل ڈھونڈ نکالے گی واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے مینگورہ میں سبزی منڈی کی بیرون شہر نئی جگہ منتقلی پر کئی آڑھتیوں کا احتجاج جاری ہے چنانچہ اس تنازعہ کے پائیدار حل کیلئے چیئرمین ڈیڈیک نے جمعرات کو ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا اور معاملے کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد اتفاق رائے سے کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جس میں سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم، اپوزیشن لیڈر تحصیل کونسل بابوزئی شاہد خان، اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی عامر علی شاہ، ٹی ایم او ارشد خان، تحصیلدار بابوزئی ارشد علی، اے ڈی لوکل گورنمنٹ سردار الملک اور ڈی او فنانس حامد خان شامل ہیں فضل حکیم خان نے کہا کہ ہم عوامی لوگ ہیں اور عوام کو ہر قسم سہولت دینے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں چونکہ اب معاملہ ضلعی انتظامیہ اور سبزی منڈی کے آڑھتیوں کے درمیان ہے اسلئے کمیٹی مسئلے کے مثبت حل اور باہمی جرگے کے ذریعے تمام فریقین کے مشاورت سے جو بھی فیصلہ کرے گی وہ صوبائی حکومت، انتظامیہ اور تمام فریقین کو قبول ہوگا انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ لوگوں کو ہر قسم کی سہولیات اور ریلیف فراہم ہو سبزی منڈی کو کامیاب بنانے کے لئے ہم مشترکہ کوشش کرینگے ضرورت پڑی تو صوبائی حکومت مینگورہ شہر میں مزید سبزی منڈیاں بنانے کے لئے بھی تیار ہے انہوں نے کہا کہ میں عوامی خادم ہوں اور عوام کی خدمت پر یقین رکھتا ہوں اور عوام کے ہر جائز اور قانونی کام کو حل کرنے میں کسی بھی حد تک جاسکتا ہوں کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میرٹ اور انصاف پر یقین رکھتی ہے ہم مینگورہ میں معاشی و کاروباری ترقی چاہتے ہیں اور سبزی و فروٹ کے کاروبار کیلئے ضروری ہوا تو شہر کے تمام اطراف میں منڈیاں قائم کرنے کیلئے بھی تیار ہیں مگر اسکی اولین شرط ان کی کامیابی اور کاروباری ترقی کو یقینی بنانا ہے۔