سوات (زما سوات ڈاٹ کام) ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا، ضلعی انتظامیہ سوات اور سیمسنز گروپ کے باہمی اشتراک سے منعقدہ تین روزہ ونٹر سپورٹس فیسٹیول 2020 مالم جبہ میں رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ فیسٹیول کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ملاکنڈ ریاض محسود تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ٹوارزم کارپوریشن کے عہدیداران، مارکیٹنگ منیجر سیمسنز گروپ ثمر سبین سمیت دیگر حکام موجود تھے۔
فیسٹیول میں آنے والے سیاحوں کیلئے خٹک ڈانس پرفارمنس سمیت رباب موسیقی، آرچری، سنو ہاکی، کرلنگ، سلالم، گائنٹ سلالم سکینگ، سکیٹنگ، سنو بورڈنگ، سنو ٹویبنگ،الپائن سکی، انڈر15 سکیٹنگ، سینئر سکیٹنگ، سنو ٹیوب سمیت دیگر کئی مقابلے منعقد ہوئے۔کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض محسود نے مالم جبہ کے سیاحتی مقام پر ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ کو مبارک باد سمیت سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ 2020 کو ہم نے ملاکنڈ ڈویژن کو سیاحت کا سال مقرر کیا ہے، اس سال ملاکنڈ میں کئی ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو مدعو کیا جائے گا۔