سوات(زما سوات ڈاٹ کام)سوات کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ کالام کی رابطہ سڑکیں بنداوربجلی کا نظام معطل ہوگیا۔ مینگورہ میں شدیدبارشوں کے باعث تبیلے کی چھت زمین بوس ہوگئی جس کی وجہ سے ایک مویشی ہلاک جبکہ سولہ کو بچالیا گیا۔ سوات سیاحتی علاقوں کالام،مالم جبہ،مہوڈنڈ،گبین جبہ،میاندم اور دیگر سیاحتی اور بالائی علاقوں میں دوسرے روز برف باری کا سلسلہ جاری رہا جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
کالام مالم جبہ اوردیگر بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں اور راستے شدید برف باری کے باعث بند ہوگیں ہیں جبکہ کالام میں شدید برف باری کے باعث بجلی کا نظام بھی معطل ہوگیا ہے جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلا ت کا سامنا ہے۔ مینگورہ شہر کے گراسی گراونڈ کے قریب مویشیوں کے تبیلے کی چھت گرگئی جس کے باعث ملبے تلے آکر ایک مویشی ہلاک جبکہ ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے اہلکاروں نے سولہ مویشیوں کو زندہ ملبے سے نکال لیا۔دوسری جانب برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لئے سیاحوں کی بڑی تعداد ان علاقوں میں موجود ہیں اور برف باری سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔