سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔18جولائی 2017ء)سوات ٹریڈرز فیڈریشن کی اپیل پر کل بروز بدھ سوات بھر میں بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف مکمل شٹرڈاؤن ہوگا، تمام کاروباری طبقوں سمیت زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والوں اور مختلف سیاسی پارٹیوں نے بھی ہڑتال و مظاہروں میں شرکت کا اعلان کردیا ہے،احتجاج کے دوران تمام بازار لنڈاکی تا مینگورہ بند رہیں گے ، سوات میں بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیر ن کردی ہے جس کے خلاف تاجران صدر عبدالرحیم کی اپیل پرکل بروز بدھ کو ضلع بھر میں مکمل شٹرڈاؤن کیا جارہا ہے ، تاجران صدر کی اپیل پر سیاسی جماعتوں جن میں پی پی پی ، قومی وطن پارٹی اور اے این پی،پیپلزپارٹی،تحریک انصاف سمیت متعدد پارٹیوں نے بھی ہڑتا ل کی حمایت کرتے ہوئے اس حوالے سے تمام پروگرامات میں مکمل شرکت اور عوام کے شانہ بشانہ رہنے کا اعلان کیا ہے ۔ تاجران صدر عبدالرحیم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتجاج کے دوران کسی قسم کی ہنگامہ آرائی سے گریز کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے نشاط چوک میں10 بجے منعقدہ جلسہ عام میں کثیر تعداد میں شرکت کریں، انہوں نے واپڈا او ر حکومتی ذمہ داروں کو بھی تنبیہہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سوات سے ناروا لوڈشیڈنگ کافوری خاتمہ کرکے عوام کو مزید احتجاجوں پر مجبور نہ کریں بصورت دیگر وہ آئندہ کا سخت لائحہ عمل طے کرنے پر مجبور ہوں گے۔