سوات ( زما سوات ڈاٹ کام۔22جولائی2017ء)سوات ٹریڈرزفیڈریشن کے صدر عبدالرحیم نے وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کو سوات میں جاری ظالمانہ بجلی لوڈ شیڈنگ اور دیگر مسائل سے آگاہ کر دیا ، صدر عبدالرحیم نے اس حوالے سے انجینئر امیر مقام کو عوامی تشویش بھی پہنچائی اور لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات دینے کا بھی مطالبہ کیا ، اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن ضلع سوات کے جنرل سیکرٹری انجینئر عمر فاروق ، ضلع ناظم محمد علی شاہ ، مراد خان ، ودود درانی ، آفتاب خان مٹہ ، سجاد زرگر ، برکت علی اور دیگر لیگی قائدین بھی موجود تھے سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم نے وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کو ضلع سوات میں بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ اور عوامی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سوات میں واپڈا حکام بجلی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے عوام کیساتھ جو زیادتی کر رہے ہیں اس کے رد عمل میں سواتی عوام میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے ، انہوں نے بتایا کہ اس صورتحال کی وجہ سے معیشت کا پہیہ بھی رک گیا ہے اور کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے کارخانے بند ہونے سے برسرروزگار مزدور بھی بیروزگار ہو چکے ہیں جبکہ شدید گرمی میں بجلی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی نیند اور سکون بھی غارت کر دی ہے ، انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے باعث مینگورہ شہر کے 52 ٹیوب ویلز بند پڑے ہیں اور مینگورہ شہر سمیت پورے ضلع میں پانی کی قلت نے بھی سر اُٹھا لیا ہے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ہسپتالوں میں مریض چیخ رہے ہیں عمر رسیدہ افراد اور بچوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے انہوں نے انجینئر امیر مقام کی توجہ ان مسائل کی طرف مبذول کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واپڈا حکام کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ عوام کو بجلی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے شیڈول جاری کرے اور لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کرے کیونکہ سوات کے عوام بجلی بلوں کی سو فیصد ادائیگی کرنے کیساتھ ساتھ یہاں کسی قسم کی بجلی چوری یا کنڈاکلچر بھی نہیں ہے جس پر انجینئر امیر مقام نے ان کو یقین دہانی کرائی کہ سوات کے عوام کو بجلی لوڈ شیڈنگ اور دیگر مسائل کے دلدل سے نکالنے کیلئے عملی اقدامات اُٹھائے جائیں گے ۔