سوات(زما سوات ڈاٹ کام:19جنوری2018ء)سوات میں فا رملین، صرف اور یوریا ملے مضر صحت دودھ سے نجات کے لئے محکمہ لائیو اسٹاک نے سوات میں موقع پر دودھ کے نمونے چیک کرنے کے لئے ملک کوالٹی ٹیسٹنگ لیبارٹی قائم کردی ۔ پشاور کے بعد صوبے میں اپنی نوعیت کی اس دوسری لیبارٹری کا افتتاح وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے لائیو اسٹاک محب اللہ خان نے کیا۔ اس موقع پر ڈیڈک چیر مین فضل حکیم، ڈی جی لائیو اسٹاک ڈاکٹر شیر محمد، ڈپٹی کمشنر سوات عامر آفاق، ڈاکٹر سربلند خان اوردیگر حکام موجود تھے۔ بریفنگ میں مہمانوں کو بتایا گیا کہ سوات میں پنجاب سے بڑی مقدار میں انتہائی مضر صحت دودھ جو کینسر اور گردوں کی بیماریوں کا سبب بنتا ہے، سپلائی کیا جاتا ہے۔ ٹیسٹنگ لیبارٹری نہ ہونے کی وجہ سے یہ کاروبار کھلے عام جاری تھا۔ اب اس لیبارٹری کے قیام سے روزانہ کی بنیاد پر دودھ کے دکانداروں کا دودھ چیک کیا جائیگا جس کے نتیجے میں شہر سے مضر صحت دودھ کا خاتمہ ہو جائے گا۔