سوات (زماسوات ڈاٹ کام۔02اگست2017)فورس کمانڈر بریگیڈئیر ظفر اقبال ، ڈی ائی جی ملاکنڈریجن اختر حیات خان اور ڈی پی او سوات محمد اعجاز خان نے کہا ہے کہ سوات میں شہداء کی قربانیوں کی بدولت مثالی امن قائم ہے انہوں نے کہا کہ ان شہداء نے اپنا آج ہمارے کل کے لئے قربان کردیا ہے ، فوج ، پولیس کے جوانوں اور عوام نے قربانیوں کے حوالے سے ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہداء کے موقع پر یادگار شہداء پر پھولوں کے چادر چڑھانے کی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستہ نے سلامی پیش کی ، اس موقع پر پولیس آفیسر ز پاک فوج کے حکام اور سول سوسائٹی کے افراد نے پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ اور سکولوں کے بچے بھی تقریب میں شریک ہوئے انہوں نے کہا کہ قیام امن یہاں پاک فوج ، پولیس اور عوام کی بے پناہ قربانیوں کی بدولت قائم ہوا ہے ، اب اس امن کو قائم رکھنے اور پائیدار امن کے قیام کے لئے ہم سب پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ، انہوں نے کہا کہ امن ترقی اور سلامتی کا دوسرا نام ہے ، ان شہداء نے ہمارے کل کے لئے اپنا آج قربان کرکے ایک مثالی تاریخ رقم کردی ہے ، انہوں نے کہا کہ کسی کو امن خراب کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائیگی ، قربانیوں کی بدولت قائم ہونے والا امن برقرار رکھنے کے لئے ہم سب پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور ہم اس دھرتی کے بقاء کے لئے قربانیوں کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے ، یوم شہداء کے موقع پر آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ امن کو سبوتاژ کرنے والوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، تقریب کے اخر میں سوات میوزیم سے کچہری چوک تک واک نکالا گیا واک میں شامل افراد اور سکولوں کے بچوں نے یوم شہداء کے حوالے سے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے ۔