سوات(زماسوات ڈاٹ کام:05فروری2018)سوات میں خودکش دھماکے کے بعد لوگوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے ڈپٹی کمشنر سوات عامر آفاق نے سرکاری افسران اور سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم کے ہمراہ مینگورہ بازار اور سوات کے دیگر علاقوں کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا ۔ انہوں نے بازار میں دکانداروں اور عام لوگوں سے ملاقات کی ، لوگوں کا حوصلہ بڑھایا اور ان سے ان کے مسائل سنے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سوات نے لوگوں سے کہا کہ سوات ان کا مشترکہ گھر ہے ، فوج ، پولیس ، انتظامیہ اور سوات کے عوام سب مل کر دہشت گردی کے خاتمہ میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔سوات کے عوام اپنے علاقہ ، صوبہ اور ملک میں پائیدار امن کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔ اس موقع پر لوگوں نے انتظامیہ سے کہا کہ ان کے حوصلے بلند ہیں اور وہ دہشت گردی کے خلاف جہاد میں انتظامیہ کے ساتھ ہیں۔