سوات(زما سوات ڈاٹ کام :12 مئی2018) سوات میں موسلادھار بارش وژالہ باری،چند گھنٹوں کی بارش نے صفائی پر مامور ادارے ’’واسا‘‘ اور صوبائی حکومت کی کارکردگی کا پول کھول دیا، شہر میں نکاسی آ ب کے نالے بند ہونے سے گندہ پانی سڑکوں پر بہنے سے کئی گھنٹوں تک ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا،جنرل بس اسٹینڈ کے قریب مین جی ٹی روڈ اور گراسی گراؤنڈ روڈ تالاب کا منظر پیش کرتا رہا، سوات اور ملحقہ علاقوں میں اچانک موسلا دھار بارش شروع ہوگئی ، بارش کے ساتھ ساتھ شدید ژالہ باری بھی ہوئی جس سے علاقے میں مختلف قسم کی فصلوں اور پھلوں کے باغات کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی جبکہ دوسری جانب مرکزی شہر مینگورہ میں کارکردگی کے بڑے بڑے دعوے کرنے والے واسا اہلکاروں کی کارکردگی کا پول بھی کھل گیا اور شہر کی مختلف اہم شاہراہوں بشمول مین جی ٹی روڈ پر نکاسی آب کے نالے بند ہونے سے تمام گندہ پانی اُبل کر سڑکوں پر بہنے لگا جس سے جی ٹی روڈ تالاب کا منظر پیش کرتا رہا ، عوامی شکایات پر واسا کے اہلکاروں نے ہنگامی طورپر صفائی کا کام شروع کردیا اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد صورت حال پر قابو پالیا گیا۔