ہم عوام (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 22 اکتوبر 2018ء) سوات میں پاک فوج نے تمام اختیارات سول انتظامیہ کو حوالہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ،ذرائع کے مطابق آج بروز پیر 22اکتوبرکو سیدو شریف ائیرپورٹ میں ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں تمام انتظامی اختیارات سول انتطامیہ کے حوالے کی جائیں گے جبکہ صرف ایک بریگیڈ فوج ایف سی کیمپ کانجو میں موجود رہیگی، ذرائع کے مطابق تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور کور کمانڈر پشاور خصوصی شرکت کریں گے۔واضح رہے کہ سوات میں کشیدگی کے دوران پاک فوج کو امن کی بحالی کے لئے سوات میں تعینات کیا گیا تھا جبکہ اس دوران طالبان کے خاتمہ اور علاقہ میں امن و امان کے لئے دو فوجی آپریشن بھی کئے جا چکے ہیں۔ ذرائع نے مزید کہا کہ چونکہ اب سوات میں مکمل امن قائم ہے اس لئے پاک فوج کی اضافی نفری کو سوات سے واپس بھیجا جائے گا جبکہ تمام تر اختیارات سول انتظامیہ کو منتقل کئے جائیں گے۔