سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 24 جون 2018ء) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام شاہ اور ڈی آئی جی اختر حیات خان نے کہا ہے کہ سوات پورے پاکستان کا گھر اور سواتی عوام محبتیں بانٹنے والے لوگ ہیں ، جس طرح سوات حسین اور خوبصورت ہے اسی طرح سوات کے لوگ محب وطن اور مہمان نواز ہیں سوات پریس کلب کے صحافیوں نے اپنا قلم مادر وطن اور دھرتی کی بہتر مفاد کیلئے استعمال کیا ہے ملک سے والہانہ محبت رکھنے کے حوالے سے سوات پریس کلب کے صحافیوں نے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے جس پر ہم ان کو سلام پیش کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات پریس کلب میں ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سوات پریس کلب کی جانب سے اعلیٰ سرکاری افسران جن کی سوات سے تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری ہوا ہے ان کو اعزازی شیلڈز اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ان کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا اس موقع پر سوات پریس کلب کے چیئرمین شہزاد عالم ، چیف آرگنائزر غلام فاروق ، یونین آف جرنلسٹس کے صدر فضل رحیم خان ، سوات یونین اف جرنلسٹ کے سابق صدر غفور خان عادل ، سابق چیئرمین رشید اقبال ، جیو نیوز کے بیورو چیف محبوب علی ، فضل خالق اور دیگر نے کمشنر سید ظہیر الاسلام ، ڈی آئی جی اختر حیات خان ، ڈی پی او واحد محمود ، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود ، اے ڈی سی طاہر خان ، اے سی شہاب خان اور دیگر تبدیل ہونے والے آفیسرز کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور ان کے بارے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اس موقع پر سوات پریس کلب کی طرف سے ان تمام سرکاری افیسرز کو یادگاری شیلڈز بھی دی گئیں جو ان کی خدمات کا اعتراف ہے تقریب سے ڈی پی او واحد محمود ، ڈی سی شاہد محمود اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور سوات پریس کلب کے صحافیوں کی طرف سے ان کو عزت دینے پر صحافیوں کا شکریہ ادا کیا کمشنر اور ڈی آئی جی نے کہا کہ سوات میں امن کے قیام میں سوات پریس کلب کے صحافیوں کی قربانیوں اور ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا انہوں نے کہا کہ ان صحافیوں نے ہمیشہ اپنا قلم اور کردار مثبت انداز میں ادا کیا ہے ان کے مثبت کردار نے پوری دُنیا کو سوات کے حوالے سے ایک اچھا پیغام دیا ہے انہوں نے کہا کہ سوات پورے پاکستان کے 22 کروڑ عوام کا گھر ہے اور سوات کے عوام کی محبت اور مہمان نوازی ملک بھر کی سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ لاتی ہے انہوں نے کہا کہ ہم سوات پریس کلب کے صحافیوں اور سوات کے عوام کی مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ہماری حوصلہ افزائی کیلئے تقریب کا اہتمام ان کی طرف سے نیک خواہشات کا اظہار ہے ۔