سٹی کونسل کا پہلا اجلاس،خواتین ممبران کی بھی شرکت

سوات(زما سوات ڈاٹ کام) سٹی مئیر شاہد علی خان کا کہنا ہے کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر بلا تفریق خدمت کے عزم کے ساتھ سٹی کونسل بابوزئی کے امور کو آگے بڑھائیں گے، عوام نے ووٹ اور کونسل ممبران نے پہلے اجلاس میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے سٹی کونسل اور مئیر پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرتے ہوئے ذرائع تلاش کئے جائیں گے، کونسل کے امور اور فیصلوں میں باہمی مشاورت یقینی بنائی جائے گی، عوام کو کونسل کے امور اور فیصلوں میں شامل رکھنے کے لئے براہ راست روابط بھی قائم کئے جائیں گے اور کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے گا، مینگورہ سٹی اور تحصیل بابوزئی میں مفاد عامہ کے منصوبوں اور بنیادی مسائل پر توجہ مرکوز کیا جائے گا، مینگورہ سٹی کے لئے جامع منصوبہ بندی کے تحت اگے بڑھا جائے گا جس میں کلین اور گرین مینگورہ کو کلیدی حیثیت حاصل ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی کونسل بابوزئی کے پہلے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ سٹی کونسل کا پہلا باضابط اجلاس تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن ہال مینگورہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تحصیل کونسل ممبران نے شرکت کی۔ خواتین ممبران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس یک نکاتی ایجنڈا پر منعقد ہوا جس میں کونسل ممبران کا تعارف کیا گیا۔ اجلاس میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ممبران نے چند اہم مسائل پر بھی بات کی جس میں پینے کے صاف پانی کی کمی، قبرستانوں کے لئے مزید جگہ کی فراہمی، واسا سے متعلق امور، نئے تعمیر شدہ سکول میں کلاسسز کے اجراء میں تاخیر سر فہرست رہے۔ مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے سٹی مئیر نے ممبران کو مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں ضلعی محکموں کے سربراہان و نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں دوسرا اجلاس عید کے بعد جلد بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

City Council Mingora
Comments (0)
Add Comment