سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔29جولائی 2017ء )خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل ، ثقافت ، امور نوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے منتخب صدر محمود خان نے سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے پر ججز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب انشاء اﷲ پی ٹی آئی کے قائد عمران خان کا کرپشن فری پاکستان بننے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا ۔ جاری کردہ اخباری بیان میں محموو خان نے کہا کہ اس عظیم تاریخی فیصلے سے ملک میں قانون اور انصاف کی بالادستی یقینی ہو گئی ہے، عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی قیادت میں کرپشن اور ناانصافی کے خلاف جو جنگ شروع کی گئی تھی وہ منطقی انجام تک پہنچ گئی ہے، چوروں اور لٹیروں نے قوم کا جوپیسہ لوٹا ہے اس کوواپس لانے کے لئے راہ ہموار ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے شروع دن سے اس کرپٹ نظام کے خاتمے کے لئے جدوجہد شروع کی تھی، نواز شریف کی نااہلی ان کے اپنے کرسیاہ کرتوتوں اور ظالمانہ کرپشن کا نتیجہ ہے ۔محمود خان نے کہا کہ نوازشریف کے احتساب کا سارا کریڈیٹ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو جاتا ہے جنہوں نے مسلسل 24سال ان چوروں اور لٹیروں کے خلاف جہاد کیا ۔ انہو ں نے کہا کہ ملاکنڈ ریجن سے لاکھوں کی تعداد میں پی ٹی آئی کے کارکن اور لوگ عمران خان کی کال پر اتوار کو اسلام آباد میں منعقدہ جلسہ عام میں شرکت کریں گے ۔