سوات( زما سوات ڈاٹ کام۔15اگست2017ء)چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ سوات سکاؤٹس اوپن گروپ کے ممبران پر ہمیں فخر ہے جوعلاقے کے عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سوات سکاؤٹس اوپن گروپ کے زیر اہتمام یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سوات سکاؤٹس اوپن گروپ کے ارکان عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور ہم آج بھی یہ امید رکھتے ہیں کہ سکاؤٹ بچے وطن عزیز کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ گروپ نے سوات بھر کے سینکڑوں یتیم اور بے سہارا بچوں کو خوراک ،لباس اور معیاری تعلیم کی سہولیات فراہم کرکے پورے سوات کی لوگوں کا سر فخر سے بلند کرتے ہوئے امانت اور دیانت کی مثال قائم کردی ہے ، ان کی کارکردگی پاکستان میں رضا کارغیر سرکاری تنظیموں کیلئے ایک قابل تقلید نمونہ ہے۔گروپ کی محنت اور لگن کے باعث خپل کور فانڈیشن کروڑوں روپے کی جائیداد کی مالک ہے اور اس کے مختلف منصوبوں سے چار ہزار سے زائد غریب خاندان براہ راست مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے فاؤنڈیشن کو مکمل تعاؤن کا یقین دلایا جو پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے میں عملی کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے لہذا ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے یہ آزادی حاصل کرنے کیلئے ہمارے بزرگوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں،تقریب میں سوات سکاؤٹس اوپن گروپ کے سکاؤٹس نے ملی نغمے اور خاکے پیش کئے جس کو شرکاء نے بے حد داد دی۔تقریب کے آخر میں چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم نے سوات سکاؤٹس اوپن گروپ کے بہترین کارکردگی دکھانے والے سکاؤٹس کو نقدانعامات ،سرٹیفکیٹ اور تعریفی اسناد دئے۔