سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔26جولائی 2017ء )سوات پریس کلب کے سینئر صحافی اور الیکشن کمیٹی کے ممبر حضرت بلال نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سوات پریس کلب کے ساتھ سوتیلی ماں جیساں سلوک بند کرکے اعلان کردہ گرانٹ اور میڈیا کالونی کیلئے فوری اقدامات اُٹھائے ۔ جاری کردہ پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ صحافی اس دور جدید میں بھی تمام تر سہولیات سے محروم ہیں ،صوبائی حکومت کی طرف سے مختلف پریس کلب کے صحافیوں کیلئے میڈیا کالونی بنائی گئی ہے جبکہ سوات کے صحافی تاحال اس سے محروم چلے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اے این پی دورمیں بھی سوات کے صحافیوں کے لئے میڈیا کالونی تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی تھی لیکن اس وقت کے ممبران اسمبلی کی نااہلی اور غفلت کیوجہ سے یہ وعدے ایفا نہ ہوسکے ۔ موجودہ حکومت نے سوات پریس کلب کے صحافیوں سے جووعدے کئے ہیں ان میں صحافیوں کے لئے میڈیا کالونی ،نقد گرانٹ اور ایک ہال تعمیر کرنے کا اعلان شامل ہیں لیکن وہ اعلانات سرد خانے کی نذر ہوچکے ہیں ،سوات کے ممبران اسمبلی کو اس بارے بھی بار بار یاد دہانی کرائی گئی لیکن وہ بھی تماشائی بنے ہوئے ہیں،انہوں نے کہا کہ سوات پریس کلب کے ممبران اپنے جائز حقوق کی حصول کی جنگ لڑیں گے، انہوں نے کہا کہ سوات پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کا مشترکہ اجلاس طلب کرکے جائز مطالبات کی منظوری کے لئے پروگرام تشکیل د یتے ہوئے بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے کے علاوہ سی ایم ہاؤس تک لانگ مارچ سمیت کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔