سوات(زما سوات ڈاٹ کام:23فروری2018) ڈی سی سوات عامِرآفاق کی ہدایت پر دریا ئے سوات کے پانی کو گندگی سے بچانے کے لیے شروع کی گئی مہم”صاف دریا ، خوشگوار آب وہوا” پر زور و شور سے کام جاری ہے۔اِ س سلسلے میں ڈی سی سوات نے بروز جمعرات تحصیل بحرین کا دورہ کیا اوراس سلسلے میں کیے گئے اقدامات کااز خود معائنہ بھی کیا۔ جبکہ تحصیل بحرین کے ہوٹلز اونرز اور عمائدین علاقہ سے اِس کارِ خیر کے سلسلے میں خطاب کیا۔ انہوں نے عمائدین علاقہ کو اس نیک کام میں بھڑ چڑ کر حصہ لینے کی بھی درخواست کی۔ اس موقع پر ہوٹل مالکان نے ڈی سی سوات کوانوارئرنمنٹل پروٹیکشن ایکٹ2014 کے تحت سٹامپ پیپر ز پر حلفیہ بیان بھی دے دیا۔جس میں لکھا گیا تھا کہ وہ اپنے ہوٹلوں کی نکاسی سے دریائے سوات کو آلودہ نہیں کریں گے جبکہ بقیہ ہوٹلز کے مالکان بھی تحریری حلفیہ بیان جلد ہی دیں گے کہ ان کی وجہ سے دریائے سوات آلودہ نہیں ہوگا۔ ڈی سی سوات کے ساتھ ڈیڈک چیرمین /ایم پی اے فضل حکیم، اے ڈی سی سوات محمد طاہر ،اے سی بحرین، تحصیل ناظم بحرین، ٹی ایم او بحرین اور ہوٹل ایسو سی ایشن اور بازار ایسوسی ایشن کے صدور بھی مو قع پر موجود تھے۔اس مہم کا مقصد دریا ئے سوات کو ماحول دوست بنانا، آبی حیات کو بچانا اوراس کے صاف و شفاف پانی کو ماحولیاتی آلودگی سے بچاناہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی سوات نے عوام سے کہا کہ سوات کا قدرتی حسن دنیا بھر میں مشہور ہے اور یہ پورے ملک کیلئے ایک زبر دست اثاثہ ہے۔۔ دریا اور چشموں کا پانی گندہ ہونے سے بچائیں کیونکہ سوات کی سیاحت صاف پانی اور جنگلات ہی کی بدولت ہے۔