سوات(زما سوات ڈاٹ کام) جی او سی مالاکنڈ ڈویژن میجر جنرل محمد اعجاز مرزا کی ہدایت پر یونیورسٹی آف مالاکنڈ اور تیمر گرہ کے مختلف سکول وکالجز کے طلباء و طالبات نے دیر سکاؤٹ فورٹ تیمر گرہ کا دورہ کیا اور ایک یاد گار دن گزارا۔ طلباء و طالبات کو دیر سکاؤٹس قلعہ کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا گیاجس میں یادگار شہداء اور کوارٹر گارڈ بھی شامل تھے۔علاوہ ازیں مالا کنڈ یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء کو رائفل فائرنگ بھی کرائی گئی۔
جی او سی نے طلباء وطالبات سے تفصیلی ملاقات کی اور مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔شرکاء نے اس موقع پر مختلف سوالات پوچھے اور تجاویز و آراء دیں۔جی او سی نے کہا ان دوروں کا مقصد پاک فوج اور عوام بالخصوص نوجوانوں کو پاک فوج کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔ جی او سی نے توقع ظاہر کی کہ طلباء و طالبات محنت،لگن اور شعور سے مالاکنڈ ڈویژن کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔سوشل میڈیا کے تناظر میں انھوں نے طلباء سے کہا کہ وہ مختلف ذرائع سے حاصل شدہ خبروں کو جانچنے کے سلسلے میں تحقیقی رویہ اپنائیں اور حقائق کی روشنی میں اپنانقطہِ نظر قائم کریں۔تمام شرکاء نے پاک آرمی کی طرف سے ایسے مواقع فراہم کرنے پر انتہائی مسرت کا اظہار کیااور جی او سی کا شکریہ ادا کیا۔انھوں نے کہا پاک آرمی کی جانب سے ایسے مواقع فراہم کرنا طلباء کے لیے ایک مثبت اقدام ہے جس سے ہمیں پاک فوج کے بارے میں بہتر آگاہی ملی ہے۔